ریکارڈ کی عدم فراہمی:وزیراعظم ہاؤس نے 27 وزارتوں کو ریڈ لیٹر جاری کر دیا

01:42 PM, 5 Sep, 2019

اسلام آباد :ریکارڈ کی عدم فراہمی پر وزیراعظم آفس سے حالیہ تاریخ میں پہلی مرتبہ وزارتوں کو ریڈ لیٹر جاری کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق طلب کیے گئے ریکارڈ کی عدم فراہمی پر 27 وزارتوں کے سیکرٹریز کو ریڈ لیٹر جاری کیا گیا ہے جسے آخری تنبیہ اور ناپسندیدگی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔اس سے قبل مختلف وزارتوں سے خالی آسامیوں اور بھرتیوں سے متعلق تفصیلات طلب کی گئی تھیں جو فراہم نہیں کی گئیں۔

وزیراعظم آفس نے مطلوبہ تفصیلات کی فراہمی کے لیے 9 ستمبر کی آخری ڈیڈلائن دی ہے اور کہا ہے کہ وزارتیں ہر سطح پر خالی آسامیوں سے متعلق رپورٹ جمع کرائیں۔

اسی طرح اہلیت رکھنے کے باوجود ترقی حاصل نہ کرنے والے افسران کے علاوہ جن سرکاری ملازمین کے خلاف انضباطی کارروائی تین ماہ سے زیر التوا ہے انکی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ وزارتوں کے پاس موجود متروک شدہ گاڑیوں، مشینری اور دیگر سازوسامان کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ ریڈلیٹر وزارتوں کی کارکردگی رپورٹ پر مثبت اثر ڈالے گا۔

مزیدخبریں