لاہور: پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجوں اور ٹیچنگ اسپتالوں میں سیاسی سرگرمیوں، ریلیوں اور احتجاج پر پابندی عائد کر دی گئی۔محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے جاری مراسلے کے مطابق سرکاری اسپتالوں اور میڈیکل تعلیمی اداروں میں ہرقسم کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی ہو گی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ طبی تعلیمی اداروں میں احتجاج، ریلیاں نکالنے کی اور حکومت مخالف بینر اور پوسٹر لگانے کی بھی ممانعت ہو گی۔
مراسلے میں اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے سربراہوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس پابندی پر مکمل عمل درآمد کرایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا کہ اسپتالوں میں کام کرنے والے بعض شرپسند عناصر طبی سہولتوں کی فراہمی میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں جو ہرگز قابل برداشت نہیں۔