دبئی:پولیس نے خواتین کو جسم فروشی پر مجبور کرنیوالا گروہ گرفتار کرلیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دبئی پولیس نے 4مرد اور 2 خواتین پر مشتمل ایک ایسے گروہ کو گرفتار کیا ہے جو دیگر 4 خواتین کو یرغمال بنا کر ان سے جسم فروشی کا کاروبار کروانا چاہتے تھے۔
گرفتار کیے گئے مرد و خواتین کے گروہ کے تمام افراد کا تعلق ایشیائی ممالک سے ہے، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ جن خواتین کو جسم فروشی کے لیے مجبور کیا گیا ان کا تعلق کن ممالک سے ہے۔
پولیس نے گرفتار کیے گئے گروہ کے راس الخیمہ کی عدالت میں پیش کیا، جہاں خواتین کو یرغمال بنانے والے ملزمان میں سے ایک ملزم نے اعتراف کیا۔عدالت میں پیش کیے گئے دستاویزات کے مطابق 4 افراد اور 2 خواتین نے مل کر 4 خواتین کو یرغمال بنا کر انہیں پیشہ ور جسم فروش بننے پر مجبور کیا۔
متاثرہ خواتین کے مطابق انہیں یرغمال بنا کر ایک پرتعیش ہوٹل میں رکھا گیا اور انہیں جسم فروشی کے لیے بلیک میل کیا گیا۔عدالتی دستاویزات کے مطابق خواتین کو یرغمال بنانے والے 6 افراد میں سے 4 افراد نے خود کو سی آئی ڈی دبئی کے اہلکار کے طور پر پیش کیا اور خواتین کو دھمکی دی کہ اگر وہ جسم فروشی کے لیے رضامند نہ ہوئیں تو انہیں دبئی سے بے دخل کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق عدالت میں یرغمال بنائی جانے والی خواتین میں سے ایک نے دعویٰ کیا کہ انہیں ریپ کا نشانہ بھی بنایا گیا جبکہ انہیں یرغمال بنانے والے افراد میں سے ایک فرد نے خاتون کا ریپ کرنے کا اعتراف بھی کیا۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق یرغمال بنائی جانے والی چاروں خواتین نے جسم فروشی سے انکار کرنے کے بعد پولیس کو مطلع کیا، جس نے کارروائی کرکے 6 رکنی گروہ کو گرفتار کیا۔