اہور : پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور نے گورنر ہائوس لاہور میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد یاور علی نے چوہدری محمد سرور سے گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف لیا۔چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی نے تقرری سے متعلق نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔ حلف برداری کی اس سادہ اور پُروقار تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار، پارلیمنٹرینز ،لاہور ہائیکورٹ کے جج صاحبان ، اعلی سول و فوجی حکام ،صوبائی سیکرٹریزکے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی ۔
دریں اثناء ، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے 6ستمبر یومِ دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ہماری تاریخ کا روشن باب ہے جس نے پوری قوم کو نیا عزم اور اتحاد دیا۔ پاکستانی قوم نے اپنی جری، غیور اور دلیر فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر ملک کی سا لمیت اور حرمت کے لئے شجاعت اور بہادری کی وہ داستان رقم کی جس کی بازگشت آج بھی تاریخ کے ایوان میں گونج رہی ہے۔
گورنرنے کہا کہ شہداء کی بدولت آج آزاد اور باوقار ملک میں سانس لے رہے ہیں۔ آج ہمیں اُسی غیرت ایمان، جرات ،اسلاف اور جذبہ شہداء کی ضرورت ہے جس کا منظر دُنیا عالم نے ستمبر 1965ء کی جنگ میں پاکستان کے عوام میں دیکھا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اگر ہم ایمان، اتحاد اور تنظیم اور نظم جیسی اعلیٰ خصوصیات اپنے اندر سمولیں جو بانی پاکستان کے رہنما اصول تھے تو کوئی بھی جار ح ہمارے وطن عزیز کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں آج کے دن یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم سب مل کر سرحدوں کے محافظوں کا ہر آڑے وقت میں بھر پور ساتھ دیں گے اور دُشمن کے ہر پروپیگنڈہ کا منہ توڑ جواب دیں گے اور ملک کی حفاظت اور وقار کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا-