برمنگھم: خالی پیٹ نیم گرم پانی میں معمولی سی مقدار ہلدی کی شامل کر کے پینے سے صحت کے بہت سارے فوائد حاصل ہوتے ہیں-
تفصیلات کے مطابق ہلدی کولیسٹرول کے لیول کو کم کرتی ہے اور خون کی نالیوں میں رکاوٹ پیدا نہیں ہونے دیتی۔ یوں اس کا استعمال فالج اور دل کی بیماری سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔ ہلدی کا باقاعدگی سے استعمال کینسر کے خدشے کو بھی کم کردیتا ہے کیونکہ یہ کینسر کی رسولیوں کے بننے میں بہت مزاحمت کرتی ہے اور کینسر کے خلیات کے پھیلاؤ کو روکتی ہے۔
رسرچ میں اس بات کا انکشاف ہو ا ہے کہ دماغ کی صحت کے لئے بھی ہلدی بہترین فوائد کی حامل ہے خاص طور پر الزائمرزجیسی بیماری سے بچنے کے لئے یہ بہت مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ ہلدی میں پایا جانے والا مادہ کرکیومن کئی طرح کی دماغی بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار اداکرتاہے۔جلد کی صحت اور تروتازگی کے لئے بھی ہلدی اپنا جواب نہیں رکھتی۔ یہ خون کو صاف کرنے والی قدرتی غذا ہے۔ ہلدی کے باقاعدہ استعمال سے خون صاف ہونے کے بعد جلد تروتازہ اور چمکدار دکھائی دینے لگتی ہے۔
جبکہ جوڑوں کے درد اور سوزش کے لئے بھی ہلدی بہت مفید چیز ہے۔ اس مقصد کے لئے یہ دیسی ادویات میں بھی استعمال ہوتی ہے۔ وزن کم کرنے کے خواہشمندوں کے لئے بھی ہلدی بہت فائدہ مند ہے۔ صبح کے وقت نیم گرم پانی میں ہلدی ملاکر پینے سے جسم کی فالتو چربی تیزی سے پگھلنے لگتی ہے۔ دراصل ہلدی کا جزو کرکیومن چربی کے خلیات کو جمع ہونے سے روکتا ہے اور یوں یہ موٹاپے سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔
ذیا بیطس کے مریضوں او ربدہضمی کے شکار افراد کے لئے بھی ہلدی مفید ہے، جبکہ ہمارے مدافعتی نظام کو طاقتور بنا کر یہ ہمیں بے شمار دیگر بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔