پاک بھارت سیریز : بی سی سی آئی کی منت سماجت نہیں کریں گے، احسان مانی

پاک بھارت سیریز : بی سی سی آئی کی منت سماجت نہیں کریں گے، احسان مانی
کیپشن: فوٹو: فائل

لاہور،کراچی : پی سی بی کے نئے سربراہ احسان مانی نے واضح کردیا ہے کہ وہ باہمی سیریز کیلئے بھارت کی منت سماجت اور بی سی سی آئی کے سامنے جھکنے کی کوئی کوشش نہیں کریں گے۔

پہلی پریس کانفرنس میں احسان مانی کا کہنا تھا کہ بھارت کی پالیسی متضاد ہے جو آئی سی سی ایونٹس اور ایشیا کپ میں تو کھیلتا ہے لیکن اس کا باہمی سیریز پر انکار سمجھ سے بالاتر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ آئی سی سی میں بھی کبھی بھارت کے سامنے نہیں جھکے جب اس کو معطل کرنے کا اختیار بھی حاصل تھا لیکن اب گورننگ باڈی میں اس کا اثر و رسوخ زیادہ ہو گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کیخلاف باہمی سیریز کے معاملے پر پی سی بی کا کیس کافی آگے بڑھ چکا ہے جس سے دستبرداری ممکن نہیں البتہ یہ معاملہ تنازعات حل کرنے والی کمیٹی میں نہ جاتا تو وہ مل بیٹھ کر اس مسئلے کا حل نکالتے لیکن اب کیس کی کئی سماعتیں ہو گئیں اور دستاویزات کا تبادلہ بھی ہو گیا تو اکتوبر میں حتمی سماعت کا انتظار کرنا ہوگا۔

انہوں نے امید ظاہر کہ آئی سی سی کی تنازعات حل کرنے والی کمیٹی کسی دباومیں نہیں آئے گی اور اس بات کا پورا اطمینان ہے کہ وہ منصفانہ فیصلہ کرے گی۔ایک سوال پر انہوں نے مزید کہا کہ2004ءمیں بھی بھارت کو پاکستان کیخلاف کھیلنے پر اعتراض تھا اور انہوں نے آئی سی سی کے سربراہ کی حیثیت سے بات چیت کر کے انہیں کھیلنے پر آمادہ کیا تھا اور اب بھی تعلقات کی بہتری کیلئے ایسے اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔