امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اسلام آباد پہنچ گئے

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اسلام آباد پہنچ گئے
کیپشن: مائیک پومپیو کے ساتھ امریکی فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ بھی ہیں۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو انتہائی اہم دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ امریکی وزیر خارجہ کا طیارہ نور خان ایئر بیس پر لینڈ کیا۔ ان کے ہمراہ امریکی فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ بھی ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کا امکان ہے جب کہ وہ اپنے ہم منصب شاہ محمود قریشی اور سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے۔

امریکی وزیر خارجہ پہلی ملاقات وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے کریں گے جس کے بعد دفتر خارجہ میں وفود کی سطح پر پاک-امریکا مذاکرات ہوں گے۔

پاکستان کے لیے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے خواہش کا اظہار کیا کہ 'افغانستان میں ثالثی کے لیے پاکستان امریکا کی مدد کرے'۔ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ 'اگر پاکستان کا تعاون نہ ملا تو جو ہوگا وہ جنرل نکلسن اور جنرل ملر بتاچکے ہیں'۔

امداد میں کمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مائیک پومپیو نے کہا کہ 'پاکستان کو پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا کہ انہیں رقم نہیں ملے گی اور رقم نہ دینے کی وجہ بھی بتادی گئی تھی'۔

امریکی وزیر خارجہ نے وضاحت کی کہ 'وجہ واضح ہے کہ ہم نے وہ پیشرفت نہیں دیکھی جو پاکستان سے دیکھنا چاہتے تھے'۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 'ہم وسائل اُس وقت فراہم کر رہے تھے، جب اس کی منطق تھی'۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ 'وہی صورتحال پھر آئی تو پُر اعتماد ہوں کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جواز فراہم کر دیں گے'۔