کراچی: پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی شرجیل انعام میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلیں ملنے کے معاملے کی تحقیقات کے لیے جیل انتظامیہ نے ان کا ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کی سفارش کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جیل انتظامیہ نے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے تحقیقاتی کمیٹی کو زبانی درخواست کر دی تاہم تحریری درخواست جیل انتظامیہ کی انکوائری کے بعد کی جائے گی۔
یاد رہے کہ شرجیل میمن محکمہ اطلاعات میں پونے 6 ارب روپے کی کرپشن کے مقدمے میں گرفتار ہیں اور علاج کی غرض سے وہ ضیاالدین اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں چیف جسٹس نے اچانک ان کے کمرے کا دورہ کیا تو وہاں سے مبینہ شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔
بعدازاں آغا خان یونیورسٹی اسپتال سے شرجیل میمن کے خون کے نمونوں کا ٹیسٹ کرایا گیا جس میں الکوحل کا عنصر نہیں پایا گیا۔