کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو کر ضمنی الیکشن لڑنے کی پیشکش ہوئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران ڈاکٹر فاروق ستار نے صدر منتخب ہونے پر عارف علوی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ این اے 247 سے عارف علوی جیت گئے اور مجھے ہرایا گیا اب امید ہے عارف علوی کراچی کی بھلائی کے لیے کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سندھ کے شہری علاقوں کی اہم ترین جماعت ہے اور سندھ کے مسائل کے حل کے لیے ایم کیو ایم کا اہم کردار ہے۔ گورنر سندھ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے اتحاد کو قائم رکھنے کے لیے اقدامات کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کئی فیصلوں میں مجھے شامل نہیں کیا گیا یا میں خود نہیں ہوا لیکن دلبرداشتہ نہیں ہوں جب کہ علی رضا عابدی نے رابطہ کمیٹی سے دلبرداشتہ ہو کر استعفیٰ دیا۔ اب بھی وقت ہے انہیں منانا چاہیے اور ایم کیو ایم اپنی صفوں کو درست کرےاور غلطیوں کا ازالہ کرے۔ ایم کیوایم ایسا مشاورتی عمل قائم کرے جس سے درست فیصلے ہوں۔
فاروق ستار نے انکشاف کیا کہ تحریک انصاف میں شامل ہو کر عارف علوی کی نشست پر ضمنی الیکشن لڑنے کی پیشکش ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی کے مشترکہ دوستوں نے مجھے ضمی انتخاب لڑنے کی دعوت دی لیکن کبھی ایم کیو ایم چھوڑ کر کسی اور جماعت میں نہیں گیا۔
شرجیل میمن واقعے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ شراب کی بوتلوں میں شہد اور زیتون کا تیل کہاں سے آیا؟۔