لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر حسن علی نے فٹنس میں بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ کسی بھی کھیل میں کھلاڑی کا فٹ ہونا سب سے اہم ہے اور یہی وجہ ہے کہ زیادہ تر کرکٹ بورڈز کھلاڑیوں کو پرکھنے کے لیے یو یو ٹیسٹ کرواتے ہیں۔
فٹنس ٹیسٹ میں کامیابی کی ہی صورت میں کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کے لیے فٹنس کیمپ کا انعقاد کیا جس کے بعد ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
کھلاڑیوں کی فٹنس جانچنے کے لیے یویو ٹیسٹ بھی لیے گئے جس میں نوجوان فاسٹ بولر حسن علی سب پر بازی لے گئے اور ان کا ٹیسٹ اسکور 20 پوائنٹس رہا۔
یویو ٹیسٹ میں 20 اسکور حاصل کرکے حسن علی نے نہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑا ہے بلکہ بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی سے بھی آگے نکل گئے ہیں۔
کوہلی کو بھارتی ٹیم کا دوسرا سب سے فٹ کھلاڑی قرار دیا جاتا ہے لیکن ان کا بھی یویو ٹیسٹ اسکور 19 ہے جب کہ منیش پانڈے کا اسکور 19.2 ہے۔ نوجوان فاسٹ بولر حسن علی نے اپنی فٹنس سے سب کو ہی حیران کر دیا ہے۔
یو یو ٹیسٹ مشکل ترین ٹیسٹ تصور کیا جاتا ہے جس میں ٹرینر گراؤنڈ پر مخصوص نشان لگا کر کرکٹرز کی رننگ کو مختلف اسپیڈ سے جانچتے ہیں۔
وِسل یا پھر میوزک کی مدد سے راؤنڈ اور رفتار کو بدلا جاتا ہے لیکن ہر ملک میں یویو ٹیسٹ کا معیار مختلف ہے۔