کویت سٹی: کویت میں مچھلیوں کو تازہ دکھانے کے لیے اُن پر نقلی آنکھیں لگانے والے مچھلی فروش کو گرفتار کر کے دکان بند کردی گئی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جعل ساز مچھلی فروش کا بھانڈا اس وقت پھوٹا جب ایک گاہک نے مچھلی کو دھویا تو جعلی آنکھیں پانی میں بہہ گئیں۔ کویتی شخص نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی جس کا نوٹس لیتے ہوئے کویتی پولیس نے مچھلی فروش کو حراست میں لے لیا اور دکان سیل کردی۔
Never judge the freshness of fish by the googliness of their eyes. https://t.co/hW50lwpwCz
— Matthew Dalby, PhD (@MatthewJDalby) September 1, 2018
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی اور صارفین نے دھوکے باز مچھلی فروش کی مذمت کی۔ کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ مچھلی کی تازگی کو جانچنے کے لیے صرف آنکھوں کی جانچ کافی نہیں، جعل ساز تاجروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو گاہکوں سے اپنی اشیا کے نہیں بلکہ جعل سازی کی صلاحیت کے پیسے بٹورتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایسی تصاویر بھی شیئر کی گئیں جن میں مردہ مچھلی کی ایک آنکھ اصلی جب کہ دوسری آنکھ جعلی ہے۔ جعل ساز مچھلی فروش کے حریفوں نے اس کے ردعمل میں تازہ مچھلیوں کی تشہیر شروع کر دی ہے اور اپنی فروخت میں ’کاسمیٹکس کے بغیر مچھلی خریدیں‘ کے الفاظ شامل کیے ہیں۔