ویسٹ انڈیز کی ورلڈ کپ میں براہ راست انٹری، امید کی کرن پیدا ہو گئی

11:09 AM, 5 Sep, 2017

دبئی:  ورلڈ کپ میں براہ راست انٹری کی ویسٹ انڈین امید پیدا ہوگئی، کوالیفائنگ راؤنڈ سے بچنے کیلیے آئرلینڈ کے خلاف واحد میچ کے ساتھ انگلینڈ کو 4 میچز میں ہرانا ہوگا۔

سری لنکا کو بھارت کے ہاتھوں 5 ون ڈے میچز کی سیریز میں وائٹ واش نے ویسٹ انڈیز کے لیے ورلڈ کپ 2019 میں براہ راست انٹری کا دیا تھوڑا سا روشن کیا ہے تاہم اس کیلیے اسے نہ صرف 13 ستمبر کو شیڈول واحد ون ڈے میں آئرلینڈ کو شکست دینا ہے بلکہ انگلینڈ کے خلاف 5 ایک روزہ میچز کی سیریز میں کم سے کم 4 میچز میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ اگرچہ سری لنکا کو حالیہ ناکامی کی وجہ سے 2 پوائنٹس کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑا تاہم وہ بدستورآٹھویں نمبر پر ہی موجود اور اس کے براہ راست میگا ایونٹ میں کوالیفائی کرنے کے امکانات بظاہر بہتردکھائی دے رہے ہیں۔

پاکستان بدستور 95 پوائنٹس کے ساتھ چھٹی پوزیشن سنبھالے ہوئے ہے جبکہ اس سے ایک پوائنٹ کمی کیساتھ بنگلادیش ساتویں نمبر پر موجود ہے، بھارت کو تین درجے ترقی حاصل ہوئی جس سے اس کے پوائنٹس تو دوسرے نمبر پر موجود آسٹریلیا کے برابر ہوگئے تاہم اعشاریائی فرق کی وجہ سے وہ پہلے ہی کی طرح تیسرے نمبر پر ہی ہے، جنوبی افریقہ 119 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر موجود ہے۔

ادھر کوہلی کے مجموعی پوائنٹس 887 ہوگئے جس سے کسی بھی بھارتی کی جانب سے سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس کا ریکارڈ انھوں نے برابر کردیا جوکہ ٹنڈولکر نے 1998 میں بنایا تھا۔ کوہلی اس وقت بیٹنگ چارٹ میں ٹاپ پر ہیں، روہت شرما 5 درجے بہتری سے نویں جبکہ دو درجہ ترقی نے دھونی کو بھی ٹاپ ٹین میں لاکھڑ کیا ہے، وہ دسویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

دوسری جانب بولرز میں جوش ہیزل ووڈ ٹاپ پر ہیں، بمبرا ایک ساتھ 27 درجے چھلانگ لگا کر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے، ٹاپ ٹین میں شامل واحد پاکستانی حسن علی ایک درجہ تنزلی سے ساتواں نمبر سنبھال چکے ہیں۔

مزیدخبریں