بیجنگ :چین میں ہونے والی برکس کی سمٹ کے اعلامیے میں پہلی مرتبہ لشکر طیبہ اور جیش محمد کا ذکر کیاگیا ہے۔بریکس کے ارکان میں انڈیا، چین، برازیل، روس جنوبی افریقہ شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چین میں ہونے والی تنظیم کی کانفرنس کےاعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے واقعات میں ملوث، ان کا انتظام کرنے یا حمایت کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہیے۔43 صفحات پر مشتمل اعلامیے میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ افغانستان میں فوری طور پر جنگ بندی ہونی چاہیے۔
برکس ممالک نے خطے میں بدامنی ،طالبان، دولتِ اسلامیہ، القاعدہ اور اس کے ساتھی گروہوں بشمول مشرقی ترکستان اسلامک موومنٹ، اسلامک موومنٹ آف ازبکستان، حقانی نیٹ ورک، لشکرِ طیبہ، جیشِ محمد، ٹی ٹی پی اور حزب التحریر کی وجہ سے ہونے والے فساد کی مذمت کی۔
تنظیم نے اپنے اعلامیے میں ہر قسم کی دہشتگردی کی مخالفت کا بھی اعادہ کیا۔تنظیم نے اس بات کو دہرایا ہے کہ دہشتگردی کا خاتمہ کرنا اولین طور پر ریاست کی ذمہ داری ہے اور بین الاقوامی معاونت کو خود مختاری اور عدم مداخلت کی بنیادوں پر فروغ دینا چاہیے۔
اس سے قبل چین کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیاتھا کہ پاکستان میں موجود دہشتگرد تنظیم جیش محمد، لشکر طیبہ اور حقانی نیٹ ورک کو برکس کے مشترکہ اعلامیے میں اس وجہ سے شامل کرنے کافیصلہ کیا گیاہے کیونکہ ان کی خطے میں کارروائیوں پر تحفظات ہیں ۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔