پی ٹی آئی کا احتجاج، مینار پاکستان جانے والے تمام راستے سیل

01:04 PM, 5 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد کے ڈی چوک کے بعد آج لاہور کے مینار پاکستان پر احتجاجی مظاہرہ ہے، صوبائی حکومت نے احتجاج ناکام بنانے کے لیے اپنی تمام تیاریاں کر لی ہیں۔ احتجاج کی کال پر لاہور کے مختلف مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیئے گئے ہیں، پولیس نے شہر کے خارجی راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیے گئے ہیں۔

پولیس کے ساتھ رینجرز کے دستے بھی سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ پولیس ڈھائی ہزار سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے چکی ہے۔لاہور میں ریلوے سٹیشن، مینار پاکستان گراؤنڈ اور لاری اڈے کو جانے والی سڑکوں اور دیگر مقامات پر بھی کنٹینر پہنچا دیے گئے تاہم شہر میں ٹریفک معمول کے مطابق چل رہی ہے۔

دوسری جانب لاہور میں موٹروے بابو صابو انٹرچینج، ٹھوکر نیاز بیگ اور لاہور سیالکوٹ موٹر وے کے داخلی راستوں پر کنٹینرکھڑے کر دیے گئے ہیں، بابو صابو انٹرچینج کو عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ انٹر چینج سے بھی ٹریفک کو موٹروے پر داخل نہیں ہونے دیا جارہا۔
پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج اور ممکنہ دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر پنجاب کے 4 شہروں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی جبکہ لاہور، راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز بھی طلب کر لی گئی ہے۔

مزیدخبریں