اسلام آباد:پاکستانی کوہ پیماسرباز خان نے ملکی کوہ پیمائی کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کر دیا۔سرباز خان وہ پہلے پاکستانی بن گئے ہیں جنہوں نے 8 ہزار میٹر سے بلند دنیا کی تمام 14 چوٹیوں کو سر کر لیا ہے جو کہ ایک غیر معمولی کارنامہ ہے۔
کامیابی میں سرباز خان نے 8027 میٹر بلند شیشاپنگما چوٹی کو سر کیا جو ان کی 14 ویں ایٹ تھاوزنڈر چوٹی ہے۔
اس چوٹی کو سر کرنے کے بعد وہ دنیا کے ان چند کوہ پیماؤں میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
سرباز خان کا یہ سفر 2017 میں نانگا پربت کی چوٹی سر کرنے سے شروع ہوا اور اس کے بعد انہوں نے کے 2، لوٹسے، ایوریسٹ سمیت دنیا کی خطرناک ترین چوٹیوں کو سر کیا۔
اہم بات یہ ہے کہ سرباز خان نے ان چوٹیوں میں سے 11 کو بغیر مصنوعی آکسیجن کے سر کیا جو ایک انتہائی مشکل اور خطرناک کارنامہ سمجھا جاتا ہے۔
سرباز خان نے 2023 میں چو اویو کی چوٹی کو بھی سر کیا اور اب شیشاپنگما کو سر کر کے وہ پہلے پاکستانی بن گئے ہیں جنہوں نے یہ تاریخی ہدف مکمل کیا ہے۔