قرضہ ایپس فراڈ کیس میں 10 غیرملکی شہریوں کے ملوث ہونے کا انکشاف، 2 ارب روپے برآمد 

07:58 PM, 5 Oct, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:غیر قانونی قرضہ ایپس فراڈ کیس میں دس سے زائد غیرملکی شہریوں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔  غیرملکی شہری پاکستان میں 16 غیرقانونی قرضہ ایپس چلارہے تھے، ان غیرملکیوں کے ساتھ کام کرنے والے مقامی پاکستانیوں کیخلاف مقدمات درج ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق   غیر ملکیوں کی طرف سے ان ایپس کے ذریعے جمع کی گئی دوارب روپے کی رقم بھی ضبط کرلی گئی جبکہ چارشہروں میں غیرقانونی ایپس سے متعلقہ 8 دفاترسیل کردیے گئے ہیں۔

سرکاری حکام  کے مطابق چھ غیرملکیوں کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے، مجموعی طوراب تک 62 ملزمان پکڑے گئے ہیں۔ ایف ائی اے تحقیقاتی ٹیم نے دودرجن مقدمات کے چالان عدالتوں میں جمع کرادیے۔ ایف آئی اے کی چار ٹیموں نے 83غیرقانونی قرضہ ایپس 22ارب روپے کے 218 اکاونٹس تک رسائی حاصل کرلی ہے۔

ایف آئی اے تحقیقاتی ٹیم نے اسٹیٹ بینک کے توسط سے تحقیقات کیلیے رقم تک رسائی حاصل کی۔ مرکزی بینک نے ایف آئی اے کی درخواست پرتمام مشتبہ ایپس کے اکاؤنٹس کو منجمد کردیا ہے۔

حکام کے مطابق پی ٹی اے کی درخواست پر گوگل نے 120 غیرقانونی قرضہ ایپس پاکستان میں بند کردی ہیں ۔منجمد اکاؤنٹس کا فرانزک آڈٹ اور ایپس کے قرضہ آپریشن بارے تحقیقات جاری ہے۔ 

مزیدخبریں