احمدآباد: بھارت میں کھیلے جا رہے کرکٹ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو فتح کے لیے 283 رنز کا ہدف دیا ہے۔
ورلڈ چیمپئن انگلینڈ اور رنرز اپ نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے دوران میچ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جہاں کیوی ٹیم نے ٹاس جیت فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انگلینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز ڈیوڈ ملان اور جونی بیئراسٹو نے اپنی ٹیم کو 40 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن ملان 14 رنز بنانے کے بعد میٹ ہنری وکٹ بن گئے۔
اسکور 64 تک پہنچا ہی تھا کہ 33 رنز بنانے والے بیئراسٹو نے مچل سینٹنر کی گیند کو کور کے اوپر سے کھیلنے کی کوشش کی لیکن وہ سیدھا ڈیرل مچل کو کیچ دے بیٹھے۔
ہیری بروک نے روایتی جارحانہ انداز اپنایا اور رچن رویندرا کو مڈ وکٹ پر دو چوکے اور ایک چھکا لگایا لیکن مڈوکٹ پر ہی ایک اور چھکا لگانے کی کوشش میں وہ اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 16 گیندوں میں 25 رنز بنائے۔
معین علی کو اوپری نمبروں پر بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا لیکن یہ تجربہ ناکامی سے دوچار ہوا اور آل راؤنڈر صرف 11 رنز بنانے کے بعد گلین فلپس کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ تجربہ کار جو روٹ دوسرے اینڈ پر ڈٹے رہے اور ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچری بنانے کے ساتھ ساتھ کپتان جو بٹلر کے ہمراہ پانچویں وکٹ کے لیے 70 رنز جوڑے۔
بٹلر اچھی فارم میں نظر آئے اور 2 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 43 رنز کی باری کھیلی لیکن میٹ ہنری کی اندر آتی گیند کو کٹ کرنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کو آسان کیچ دے بیٹھے۔ لیام لیونگسٹن بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 20 رنز بنانے کے بعد ٹرینٹ بولٹ کا شکار بن گئے۔
تاہم انگلینڈ کے بڑے اسکور کی امیدوں کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب 77 رنز بنانے والے جو روٹ ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں گلین فلپس کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
کرس ووکس بھی مشکل میں ٹیم کے کام نہ آ سکے اور 11 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ سیم کرن بھی 14 رنز بنا کر ہنری کی تیسری وکٹ بن گئے۔
اختتامی اوورز میں توقعات کے برعکس انگلینڈ کی ٹیم زیادہ جارحانہ بیٹنگ نہ کر سکی جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتاہے کہ انگلینڈ نے آخری پانچ اوورز میں صرف ایک چھکا لگایا اور وہ کوئی چوکا بھی نہ لگا سکے۔ 50اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 3 جبکہ مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔