اسلام آباد : نگران حکومت نے سرکاری کمپنیوں کے سپیشل آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت خزانہ نے آڈیٹر جنرل کو پبلک کمپنیوں کا آڈٹ شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آڈیٹر جنرل سے تیل و گیس اور بجلی کی متعدد کمپنیوں کا آڈٹ کروایا جائے گا۔ وزارت خزانہ کو سرکاری کمپنیوں کے انٹرنل آڈیٹرز کی رپورٹس پر اعتماد نہیں۔ پٹرولیم اور پاور ڈویژن کی بیوروکریسی ان کمپنیوں کو کنٹرول کرتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کمپنیوں کے مالی اور بدانتظامی کے باعث درست نقصانات جاننے کیلئے آڈٹ کی ہدایت کی گئی ہے۔ نگران حکومت سرکاری کمپنیوں کا انتظامی کنٹرول نجی شعبے کے حوالے کرنا چاہتی ہے ۔آڈٹ رپورٹس آنے کے بعد مختلف کمپنیوں کی نجکاری بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منافع بخش یا منافع بخش ہو سکنے والے اداروں کا انتظامی کنٹرول نجی شعبے کو دیا جائے گا۔نقصان دہ کمپنیوں کی فوری فروخت کی تجویز دی جائے گی ۔