اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران مختلف کارروائیوں میں 150کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کر کے 4ملزمان گرفتار کر لیے۔
ترجمان اے این ایف ہیڈکوارٹر کے مطابق کوسٹل ہائی وے پر زیرو پوئنٹ کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 42 کلوگرام چرس برآمد ہوئی ۔ برآمدہ چرس گاڑی کی سیٹ کے نیچے اور گیس سلنڈر میں بنے خُفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی
اے این ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ ایئرپورٹ پر مسافر کے پیٹ سے 50 آئس اور 50 چرس بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔ قصور میں رینجرز پنجاب کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں ملزمان سے 7 کلو ہیروئن برآمد کی گئیں۔
ملزم منشیات کوئٹہ سے حب اسمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ملزم کی نشاندہی پر منشیات وصول کرنے والا ملزم حب سے موٹرسائیکل سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
اے این ایف کے ترجمان نے بتایا کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کے پیٹ سے چرس بھرے 6 کیپسول برآمد کیے گئے۔ بنوں کا رہائشی ملزم بذریعہ پرواز نمبر G-9547 شارجہ کیلئے روانہ ہو رہا تھا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ رنگ روڈ پشاور پر کارروائی کے دوران کار سے 96 کلوگرام چرس اور 12 کلوگرام افیون برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف ہیڈکوارٹر کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔