دنیائے کرکٹ کا نیا حکمران کون، چمچماتی ٹرافی کیلئے آج سے جنگ شروع

09:08 AM, 5 Oct, 2023

نیوویب ڈیسک

احمد آباد:  دنیائے کرکٹ کا عالمی میلہ آج سے بھارت میں سجنے کو ہے،  چار سال کے بعد ایک بار پھر ستاروں اور پرستاروں کا میل ہونے کو ہے، بھارت کا احمد آباد نریندر مودی اسٹیڈیم آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2023 کی میزبانی کرنے کو تیار ہے۔ 

دُنیا کی 10 بہترین ٹیمیں چمچماتی ٹرافی حاصل کرنے کے لیے مقابلہ کریں گی۔ ایونٹ کی 10 ٹیموں ایک دوسرے سے کھیلیں گی جس میں سے 4 ابتدائی پوزیشنز حاصل کرنے والی ٹیمیں سیمی فائنلز میں جگہ بنائیں گی۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ  دوبارہ وہیں سے شروع  ہو گا جہاں سے اس نے چار سال قبل چھوڑا تھا۔  احمد آباد نریندر مودی اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ 2023 کا افتتاحی میچ2019 کے فائنلسٹ، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان  ہوگا۔   افتتاحی میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 30منٹ پر شروع ہوگا۔


یہ دونوں ٹیمیں ون ڈے فارمیٹ میں 95 مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں، دونوں نے 44 ، 44  مقابلوں میں فتح سمیٹی ہے، 3 میچ ٹائی رہے جبکہ 4 کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔

اس کے علاوہ ورلڈ کپ مقابلوں میں بھی دونوں ٹیمیں فتح کے اعتبار سے برابر ہیں، ان کے درمیان اب تک 10 میچز ہوئے ہیں اور دونوں نے 5 ، 5  میچز میں کامیابی سمیٹی ہے، البتہ احمد آباد جہاں یہ میچ ہوگا ، نیوزی لینڈ کا انگلینڈ کے خلاف پلڑا بھاری ہے جس نے 1996 کے ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں انگلش ٹیم کو 11 رنز سے مات دی تھی۔

ممکنہ پلیئنگ الیون

انگلینڈ: جوس بٹلر (کپتان، وکٹ کیپر)، جونی بیرسٹو، ڈیوڈ مالان، جو روٹ، ہیری بروک، لیام لیونگ اسٹون، معین علی، سیم کرن، کرس ووکس، عادل رشید، ریس ٹوپلی۔

نیوزی لینڈ: ڈیون کونوے، ول ینگ، ہنری نکولس، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم (کپتان، وکٹ کیپر)، راچن رویندرا، میٹ ہنری، مچل سینٹنر، لوکی فرگوسن، ایش سودھی، ٹرینٹ بولٹ۔

 یا د رہے کہ ورلڈ کپ 2023 کے دوران آئی سی سی نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کی  جس میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم بلے بازوں میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ کے بھارتی شہر احمد آباد میں ہونے والے میچز کے دوران دہشت گردی کا خطرہ ہے۔  بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد اسٹیڈیم اور اطراف میں 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ میچز کے دوران اسٹیڈیم جانے والی سڑک کو مکمل طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔  میچ کے دوران موبائل فون کے علاوہ کوئی چیز اندر لےجانے کی اجازت نہیں ہوگی۔


واضح رہے کہ 5 اکتوبر سے شروع ہونے والا ایونٹ 19 نومبر تک جاری رہے گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈکپ میچ 14 اکتوبر کو احمد آباد اسٹیڈیم میں ہوگا۔

مزیدخبریں