اتحادی جماعتوں کی سائیفر معاملہ کو آئین و قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کی حمایت

اتحادی جماعتوں کی سائیفر معاملہ کو آئین و قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کی حمایت

اسلام آباد :وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کی قیادت کا مشاورتی اجلاس ہوا  ،اتحادی جماعتوں نے سائیفر معاملہ کو آئین و قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی حمایت کی ۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت پی ڈی ایم  کے اجلاس میں کسی کو بھی  اسلام آباد پر یلغار کی اجازت نہ دینے کی حمایت ،عام انتخابات  کے مقررہ وقت پرانعقاد  اور  نئے آرمی چیف کی تقرری پر بھی مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے دوران افواج پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے اور سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی مہم کی شدید مذمت کی گئی۔

اجلاس  میں پی ڈی ا یم  اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت اتحادی جماعتوں کی قیادت اور وفاقی وزراء  نے شرکت کی ۔اجلاس میں ملک کی سیاسی ، داخلی اور معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔

ذرائع  کے مطابق  وزیراعظم نے  آڈیو لیکس اور سائیفر معاملہ پر وفاقی کابینہ کے فیصلوں پر اتحادیوں کو اعتماد میں لیا ،اتحادیوں نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو اختیار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ملک کو سیاسی اور معاشی طور پر عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ہر کوشش سے سختی سے نمٹا جائے ۔

وزیراعظم شہباز شریف  کا کہنا تھا کہ  سائیفر معاملہ پر آئین و قانون کے مطابق کارروائی ہوگی ۔ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا ۔ اجلاس می  عام انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے ۔

پی ڈی ایم  کے قائدین کا کہنا تھا کہ عمران خان  کو اقتدار کی ہوس ہے ، ریاستی اداروں اور دفاعی قیادت کو ہدف بنانا افسوسناک ہے۔