ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل قومی ٹیم کو اچھی سیریز ملی ہیں: عبدالرزاق

ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل قومی ٹیم کو اچھی سیریز ملی ہیں: عبدالرزاق

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق آل راؤنڈر عبد الرزاق نے کہا ہے کہ ٹی 20ورلڈکپ سے قبل پاکستان ٹیم کو اچھی سیریز ملی ہیں اور ان سے سیکھنے کا بھرپور موقع ملے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق عبدالرزاق نے کہا کہ انگلینڈ جیسی سخت جان ٹیم کے خلاف کھیلنے کے بعد اب نیوزی لینڈ کی سخت کنڈیشنز میں کھیلنے کا موقع ملے گا، وہاں کی کنڈیشنز بڑی مختلف ہوتی ہیں اور قومی کھلاڑیوں کو اس سے سیکھنے کا موقع ملے گا، ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل یہ ٹور بہت زبردست ہے۔ 
قومی ٹیم کے نو منتخب آل راؤنڈر عامر جمال سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ عامر جمال کو 5، 6 برس سے کھیلتے ہو ئے دیکھ رہا ہوں، اس نے خود کو بہت بہتر کیا ہے ، آل راؤنڈر کا ٹیم میں آنا اچھی بات ہے۔
عامر جمال کو انٹر نیشنل کرکٹ کا ایک موقع ملا ہے جس کا انہیں فائدہ ہو گا، کرکٹ اور کھلاڑیوں کیلئے یہ بڑی اچھی چیز ہے کہ انٹرنیشنل ٹیمیں مسلسل پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں، ہوم سیریز میں نوجوان کرکٹرز کو فائدہ ہوتا ہے۔ 
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ کا پہلا مرحلہ 16 اکتوبر سے آسٹریلیا میں شروع ہونے جا رہا ہے اور پاک، بھارت میچ 23 اکتوبر کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔