لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز آج نجی ایئر لائن (قطر ائیرویز) کی پرواز کیو آر 629 کے ذریعے 8 بج کر 30 منٹ پر لندن روانہ ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی لندن روانگی کی تمام تر تیاریاں مکمل ہیں جبکہ ان کے ہمراہ شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر اور ایک ملازمہ بھی لندن روانہ ہو گی اور 3 سال کے بعد اپنے والد نواز شریف سے بالمشافہ ملاقات کر سکیں گی جبکہ ان کی واپسی ایک ماہ بعد 6 نومبر کو شیڈول ہے۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز اپنے بھائیوں سے تقریباً 5 سال کے بعد ملاقات کریں گی اور لندن میں اپنے والد نواز شریف کی عیادت کرنے کے علاوہ ان کے علاج معالجے کی نگرانی بھی کریں گی اور پاکستان کی سیاسی صورتحال اور دیگر معاملات پر تفصیلی مشاورت بھی کی جائے گی۔
خاندانی ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ مریم نواز شریف ممکنہ طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ وطن واپس آئیں گی۔