اسلام آباد: ینگ ڈاکٹرز نے پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) کے باہر جاری احتجاجی دھرنا ختم کرنے اور پورے ملک میں او پی ڈیز بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔
پی ایم سی کے باہر موجود ینگ ڈاکٹرز نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ہم احتجاجی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر رہے ہیں۔ احتجاجی دھرنا ختم کرنے کے باوجود پورے پاکستان میں ہماری او پی ڈیز بند رہیں گی۔
اس حوالے سے ینگ ڈاکٹرز نے واضح کیا ہے کہ جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے اور ہمارے گرفتار ڈاکٹروں کو رہا نہیں کیا جاتا ہے اس وقت تک پورے ملک میں او پی ڈیز کو بند رکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صبح پاکستان میڈیکل کمیشن کے باہر ینگ ڈاکٹرز اور پولیس کے درمیان جاری احتجاجی دھرنے کے دوران تصادم ہوا جس کے دوران پولیس نے لاٹھی چارج کیا جب کہ ڈاکٹروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے پتھراؤ کیا۔ اس دوران ہونے والے تصادم کے نتیجے میں پولیس کے مطابق اس کے 10 اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
پاکستان میڈیکل کمیشن کے باہر ینگ ڈاکٹرز نے این ایل ای امتحانات کے خلاف احتجاج کیا جس میں مرد و خواتین ڈاکٹروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے کیے جانے والے احتجاج میں شمولیت کے لیے دیگر شہروں سے بھی ڈاکٹروں کی بڑی تعداد دوپہر کو پہنچی تو احجاج کے دوران انہوں ںے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس سے تصادم ہو گیا۔
پولیس نے جب احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور شیلنگ شروع کی تو جوابی کارروائی کے طور پر ڈاکٹروں نے پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں شاہراہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگی۔
پولیس نے اس ضمن میں الزام عائد کیا ہے کہ احتجاجی مظاہرین نے بعض اہلکاروں کو پکڑ کر ان پہ تشدد کیا جس کے باعث وہ زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے 25 سے زائد ڈاکٹروں کو گرفتار کر کے تھانہ رمنا منتقل کر دیا ہے۔