اسلام آباد : چیئرمین نیب کی تقرری کیلئے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے مشاورت کے معاملے پر دو وفاقی وزرا آمنے سامنے آگئے ہیں ۔ وزیر قانون فروغ نسیم کہتے ہیں مشاورت شہباز شریف سے ہی ہوگی جبکہ وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے مشاورت نہیں کریں گے۔
نیو نیوز کے مطابق اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کے معاملے پر فواد چودھری اور فروغ نسیم کے متضاد بیانات سامنے آئے ہیں۔ وزیر قانون فروغ نسیم نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے کہا کہ چیئرمین نیب کی تقرری کے حوالے سے آرڈیننس مکمل ہوگیا ہے۔ کل جاری کردیا جائےگا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک نیا چیئرمین تعینات نہیں ہوتا جاوید اقبال ہی چیئرمین نیب رہیں گے جبکہ وزیر اعظم عمران خان اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے مشاورت کریں گے اگر دونوں کی مشاورت میں فیصلہ نہ ہوا تو پارلیمانی کمیٹی چیئرمین نیب کا تقرر کرے گی۔
دوسری طرف وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کسی صورت شہباز شریف سے چیئرمین نیب کی تقرری کے حوالے سے مشاورت نہیں کریں گے۔ شہباز شریف سے مشاورت ایسی ہی ہوگی جیسے ایک ملزم سے پوچھا جائے کہ اس کے کیس کی تفتیش کون کرے۔ انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا لیڈر تبدیل کرلے۔