اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امیر ممالک ماحول کے لیے اپنا حصہ ڈالیں اور کورونا ویکسین کے حوالے سے عدم مساوات کو ختم کرنا ہوگا۔
ورلڈ لیڈر سمٹ سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انتہائی اہم ڈائیلاگ میں شرکت پر خوشی ہے اور ہر سال ترقی پذیر ممالک سے ایک ٹریلین ڈالرز منتقل ہو رہے ہیں جبکہ محفوظ پناہ گاہوں میں 60 ٹریلین ڈالرز چھپائے گئے ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ میں آج چار امور پر بات کرنا چاہتا ہوں۔ میں نے ترقی پذیر ممالک کے لیے قرضوں میں سہولت کے لیے مہم چلائی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وبا کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک غیر متناسب طور پر متاثر ہوئے ہیں اور ترقی پذیر ممالک کے لیے قرضوں میں سہولت کورونا وبا کے خاتمے تک جاری رہنی چاہیے۔ غریب ممالک سے امیر ممالک میں رقوم کی غیر قانونی منتقلی اہم مسئلہ ہے۔
انہوں ںے کہا کہ اس لوٹ مار کی وجہ ترقی پذیر ممالک کی بدعنوان اشرافیہ ہے۔ انہوں ںے واضح کیا کہ اس کو روکنے کا واحد طریقہ فیکٹ آئی کی پیش کردہ سفارشات پر عملدرآمد میں ہے۔
وزیراعظم نے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رقوم کی غیر قانونی منتقلی سے ان ممالک کی کرنسی کی قدر گر جاتی ہے اور غربت میں اضافہ ہوتا ہے۔ بدقسمتی سے اس وقت امیر ممالک ترقی پذیر ممالک کے مقابلے میں 20 گنا زیادہ تیزی سے ویکسین لگا رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان جیسے ملک ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے امیر ممالک کے مقابلے میں زیادہ غیر محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے ممالک اپنی بقا کے لیے گلیشیئرز سے آنے والے پانی پر انحصار کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ امیر ممالک ماحول کے لیے مالی معاونت میں حصہ ڈالیں۔