ممبئی: مشکلات میں گھرے شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے آریان خان کی گرفتاری کے بعد بالی ووڈ فنکاروں سے اپنے گھر نہ آنے کی درخواست کی ہے۔
بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو 3 اکتوبر کو منشیات کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ آریان کی گرفتاری کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد شاہ رخ خان کو مسلسل سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور لوگ ان کی تربیت پر بھی سوال اٹھا رہے ہیں۔
اس کیس نے بالی ووڈ کو متحد کر دیا ہے اور فلم انڈسٹری کے بہت سے فنکار شاہ رخ خان اور ان کے بیٹے سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے گھر پہنچ رہے ہیں۔
آریان کی گرفتاری کے بعد بالی ووڈ کے سلو میاں وہ پہلے اداکار تھے جو کنگ خان کے گھر منت پہنچے۔ بعد ازاں ان کی بہن الویرا خان، سیما خان، ماہیپ کپور، اداکارہ نیلم کوٹھاری سمیت متعدد بالی ووڈ شخصیات کو شاہ رخ خان کے بنگلے کے باہر دیکھا گیا۔
جو لوگ ان کے گھر نہیں پہنچ سکے انہوں نے سوشل میڈیا پر شاہ رخ خان کی سپورٹ کی جن میں سنیل شیٹھی، پوجا بھٹ، اداکارہ سوچیترا کرشنا مورتی اورمیکا سنگھ وغیرہ شامل ہیں۔ تاہم اب رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ شاہ رخ خان نے اپنے بالی ووڈ دوستوں سے ان کے گھر نہ جانے کی درخواست کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان اور ان کی فیملی کو مختلف پیغامات موصول ہو رہے ہیں جن میں لوگ ان سے ملنے کی خواہش کا اظہار کر رہے ہیں تاکہ انہیں اپنی حمایت کا یقین دلا سکیں لیکن معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر شاہ رخ خان اور ان کی ٹیم نے تمام اداکاروں اور دوستوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ان کے گھر نہ جائیں۔
خیال رہے کہ شاہ رخ خان کے 23 سالہ بیٹے آریان خان کو 3 اکتوبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی) کی ٹیم نے ممبئی کے ساحل پر موجود ایک بحری جہاز پر چھاپے کے دوران منشیات رکھنے اور استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ بعد ازاں آریان خان کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے اسے 7 اکتوبر تک این سی بی کی تحویل میں بھیج دیا ہے۔