کوئٹہ :بلوچستان میں حکمران جماعت کے ناراض اراکین کا کہنا ہے جام کمال خود اخلاقی طور پر مستعفیٰ ہوجائیں ،ہم نہیں چاہتے کہ عدم اعتماد کے ذریعے وزیر اعلیٰ گھر جائیں ،اگر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے 6 اکتوبر کو 5 بجے تک استعفیٰ نہیں دیا تو بڑا اعلان کرینگے۔
بلوچستان میں حکمران جماعت کے ناراض اراکین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا آج بلوچستان میں لوگ احتجاج کر رہے ہیں ،جام کمال کو چاہیے بلوچستان کے وسیع تر مفاد کیلئے خود مستعفیٰ ہو جائیں ،اگر وزیر اعلیٰ نے 6 تاریخ کو 5 بجے تک استعفیٰ نہیں دیا تو بڑا اعلان کرینگے۔
ناراض اراکین کا کہنا تھا باربار جام کمال سے درخواست کی لیکن انہوں نے نہیں سنی ،نصیب مری نے پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا جب جال کمال میرے گھر آئے تھے تو یہی کہا کہ آپ استعفیٰ دیں،سردار کیتھران نےکہا کل مجھے پیغام دیاگیا جو مانگتے ہو مانگو میں نے کہا بھکاری مانگتے ہیں،انہوں نے کہا 6 اکتوبر تک اگر وزیر اعلیٰ جام کمال نے استعفیٰ نہ دیا تو پھر دما دم مست قلندر ہو گا ۔
سردار کیتھران نے کہا کل تک اگر وزیر اعلیٰ نے استعفیٰ نہیں دیا تو مجبور کرینگے،وزیر اعلیٰ فوری طور پر استعفیٰ دیں،جام کمال خدارا لوگوں پر رحم کریں اور اخلاقی جرات دکھاتے ہوئے جام صاحب استعفیٰ دے دیں ۔