چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کا آرڈیننس کل جاری ہوگا

04:41 PM, 5 Oct, 2021

اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان  نے  نیب ترمیمی آرڈیننس کے مسودے کی منظور ی دے دی  ہے۔چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال  کی مدت ملازمت میں توسیع  کے لئے صدارتی آرڈیننس کے لیے سمری ایوان صدر بھجوا دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کو چیئرمین نیب کی تقرری پر پہلے ہی اعتماد میں لیا جا چکا ہے۔چیئرمین نیب کے حوالے سے  صدارتی آرڈیننس اگلے 24 گھنٹے میں کسی بھی وقت جاری ہوسکتا ہے۔ 

واضح رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی مدت ملازمت 8 اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے اور حکومت اپوزیشن کے خلاف کیسز ہونے کی وجہ سے ان کو ہی چیئرمین نیب کے طور پر توسیع دینا چاہتی ہے۔

اپوزیشن کی طرف سے چیئرمین نیب کو توسیع دینے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کردیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب متنازعہ ہوچکے ہیں۔ یہ نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے۔ اور چیئرمین نیب کو ویڈیو کے ذریعے بلیک میل کیا جا رہا ہے جس کے باعث وہ حکومت کی کرپشن پر خاموش جبکہ اپوزیشن کے خلاف بے بنیاد ریفرنس بنا رہے ہیں۔

مزیدخبریں