عمر اکمل امریکہ میں بھی ناکام، پہلے ہی میچ میں صفر پر آؤٹ ہو گئے

03:59 PM, 5 Oct, 2021

لاہور: سہانے مستقبل کا خواب سجائے امریکہ جانیوالے قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے پہلے ہی میچ میں صفر پر آؤٹ ہو کر ’امریکی کیرئیر‘ کا آغاز ’گولڈن ڈک‘ سے ہی کیا ہے۔

تفصیل کے مطابق امریکہ جانے والے 31 سالہ عمر اکمل کا ناردرن کیلیفورنیا کرکٹ ایسوسی ایشن سے محدود مدت کا معاہدہ طے پاگیا مگر وہاں پر بھی ان کے کیریئر کا آغاز ناکام ہی ہوا اور پہلے ہی میچ میں وہ صفر پر آؤٹ ہو گئے۔

کیلیفورنیا زلمی کی نمائندگی کرنیوالے عمر اکمل بغیر کوئی رنز بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر اکمل امریکہ میں مستقل قیام کے خواہاں ہیں اور قانونی قیام کیلئے امریکہ میں طویل مدتی معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، ڈومیسٹک سیزن میں نظر انداز کئے جانے پر بددل ہونے والے عمر اکمل اب امریکہ میں مستقل قیام پر غور کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ عمر اکمل نے کچھ روز قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے امریکہ جانے کا انکشاف کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’میں کچھ ذاتی ملاقاتوں کیلئے امریکہ روانہ ہو رہا ہوں، اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو مجھے کچھ عرصہ کیلئے امریکہ میں ہی رہنا ہو گا! مجھے ہمیشہ کی طرح اپنے مداحوں کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔‘

مزیدخبریں