وزیراعظم عمران خان کا نواز شریف کیخلاف مقدمے پر ناپسندیدگی کا اظہار

وزیراعظم عمران خان کا نواز شریف کیخلاف مقدمے پر ناپسندیدگی کا اظہار
کیپشن: نواز شریف سمیت مسلم لیگ ن کے 40 سے زائد نامزد رہنماؤں کے خلاف مقدمہ خارج کیا گیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کیخلاف مقدمے کے اندراج پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔

نواز شریف اور دیگر ن لیگی ارکان کیخلاف مجرمانہ سازش کی ایف آئی آر پر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو اس ایف آئی آر کا علم نہیں تھا جس میں نواز شریف اور دیگر کو نامزد کیا گیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ میں نے اس ایف آئی آر کا بتایا تو وزیراعظم نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے کسی نے کارروائی ڈالنے کیلئے ایسا کیا ہو تاہم دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ لاہور کے تھانا شاہدرہ میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سمیت مسلم لیگ ن کے 40 سے زائد نامزد رہنماؤں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات مجرمانہ سازش کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

مقدمے میں الزام لگایا گیا کہ نواز شریف نے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاسوں میں اپنی تقاریر میں دشمن ملک بھارت کی ڈیکلیئرڈ پالیسی کی تائید کی۔

یہ مقدمہ بدر رشید نامی شہری کی جانب سے یکم اکتوبر 2020ء کو مجرمانہ سازش کی دفعات کے تحت درج کرایا گیا ہے۔