چاروں صوبوں میں مدارس رجسٹریشن کا کام شروع 

05:01 PM, 5 Oct, 2020

اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں میں مدارس رجسٹریشن دفاتر نے کام شروع کردیا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تاحال کسی مدرسہ نے رجسٹریشن فارم حاصل نہیں کیا باخبر ذرائع کے مطابق وزارت تعلیم کے رابطہ دفتر سے 8 سے 10 مختلف مدارس کے مہتمم حضرات نے رابطہ کیا تاحال کوئی بھی مہتمم براہ راست رجسٹریشن فارم کے حصول کے لئے نہ آیا۔

 اتحاد تنظیمات مدارس کی جانب سے مدرسین و مہتمم حضرات کو کچھ انتظار کرنے کا پیغام بھجوایا گیا ہے ،دستیاب معلومات کے مطابق اتحاد تنظیمات مدارس وزارت تعلیم کے ساتھ مزید کچھ امور پر مشاورت چاہتی ہے ،مکمل تحفظات کے خاتمے کے ساتھ ہی رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جائیگا ۔

دینی مدارس کی رجسٹریشن کا عمل  5 اکتوبر 2020 سے شروع ہوناتھا ،حکومت پاکستان اور اتحاد تنظیمات مدارس کے مابین معاہدہ کی رو سے مدارس رجسٹرڈ ہونگے مدارس وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے ساتھ منسلک ہونگے اسلام آباد سمیت پورے ملک کے 133 اضلاع میں رجسٹریشن مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

 اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، مظفرآباد اور گلگت میں صوبائی رابطہ آفیسرز ہونگے اس کے علاوہ تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں ضلعی سطح پر افسران بھی متعین کردئیے گئے ہیں، پنجاب میں 35، سندھ میں 24 اور خیبر پختونخوا کے 31 اضلاع میں دفاتر اور رابطہ آفیسرز متعین کئے گئے ہیں ۔

بلوچستان میں 25، آزاد کشمیر میں 9 اور گلگت بلتستان میں 8 مراکز قائم کئے گئے ہیں وہ تمام مدارس جہاں درس و تدریس کے ساتھ قیام و طعام کی سہولیات دی جاتی ہوں ان کی رجسٹریشن لازمی ہوگی ،پانچوں وفاق کے ساتھ منسلک مدارس کی رجسٹریشن کو لازمی قرار دیا گیا ہے دینی مدارس کے مہتمم و ناظمین صوبائی یا ضلعی دفاتر سے رجسٹریشن فارم وصول کریں گے۔

مزیدخبریں