فیصل آباد:فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے فیصل آباد میں بڑے ، بڑے گھروں میں رہنے والوں اور بڑی، بڑی گاڑیاں استعمال کرنے والوں کی چھان بین شروع کردی۔
دو کنال یا اس سے بڑے 1153گھروں اور لگڑری گاڑیاں رکھنے والے 139شہریوں سے ٹیکس ریٹرن کے حوالہ سے جواب طلب کر لیا گیا ہے۔ٹیکس ریٹرن جمع نہ کروانے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کمشنر ایف بی آر سجاد تسنیم کے مطابق فیصل آباد کے پوش علاقوں میں دو کنال یا اس سے زائد رقبہ پر عالی شان گھر بنا کر رہنے والے افراد کوٹیکس نیٹ میں لانے کے لئے ایف بی آر نے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے 1400سے زائد افراد کو نوٹسز جاری کئے گئے ہیں جبکہ 2400سی سی یا اس سے زائد ہارس پاور کی گاڑیاں رکھنے والے 139شہریوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں سے 128ٹیکس دہندہ نکلے جبکہ 11نادہندہ افراد کو نوٹسز جاری کر دئیے گئے ہیں۔
ایف بی آر حکام کا کہناہے کہ ٹیکس ریٹرن کے حوالہ سے جواب طلب کیا گیا ہے ، جواب جمع نہ کروانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔