اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی مدد کیلئے لائن آف کنٹرول پار کرنیوالا بھارتی بیانیے کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہو گا۔وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کے غم و غصہ کو سمجھتا ہوں۔ وہ مقبوضہ وادی میں 2 ماہ سے اپنے کشمیری بھائیوں کو بھارت کے غیر انسانی کرفیو کی قید میں دیکھ رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے خبردار کیا کہ کشمیریوں کی مدد کیلئے آزاد کشمیر سے ایل اوسی پار کرنیوالا بھارتی بیانیے کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہو گا۔ چاہے اس کا مقصد کشمیریوں کو انسانی امداد کی فراہمی اور ان کی جدوجہد کی حمایت ہی کیوں نہ ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس سے بھارت کو مقبوضہ وادی میں مظالم بڑھانے اور ایل او سی پار حملے کا بہانہ ملے گا۔ بھارت کشمیریوں کی مقامی جدوجہد کو اسلامی دہشتگردی قرار دینے کی کوشش کرتا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اس سے پہلے بھی کہا تھا کہ ایل او سی پار کرنے والا شخص کشمیریوں اور پاکستان دونوں کا دشمن ہو گا۔