لاہور : تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی نے شہباز شریف کی گرفتاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومتی صفوں میں موجود کرپٹ عناصر کے احتساب کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں علامہ خادم حسین رضوی نے کہا کہ میگا کرپشن میں ملوث شہباز شریف کی گرفتاری کاخیر مقدم کرتے ہیں لیکن ہم چاہتے ہیں کہ حکومتی صفوں میں موجود کرپٹ عناصر کا بھی احتساب کیا جائے۔
میگا کرپشن میں ملوث شہباز شریف کی گرفتاری کاخیر مقدم کرتےہیں،خادم رضوی
— Khadim Hussain Rizvi (@KhadimRizviReal) October 5, 2018
انہوں نے کہا کہ نیب احتساب کے دائرے کو بلاتفریق تمام کرپٹ عناصر تک پھیلائے اور ہر سیاستدان، جرنیل، جج، سیاسی و مذہبی رہنماﺅں مولوی، پیر اور مشیر کا غیر جانبدارانہ احتساب کیا جائے، کرپٹ عناصر سے لوٹ مار کی دولت برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کروائی جائے۔
ہر سیاستدان,جرنیل,جج,سیاسی و مذہبی رہنما مولوی,پیر,مشیر کا غیر جانبدارانہ احتساب کیا جائے
— Khadim Hussain Rizvi (@KhadimRizviReal) October 5, 2018
خادم حسین رضوی
یاد رہے کہ آج لاہور نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو گرفتار کرلیا ،شہباز شریف صاف پانی کمپنی اسکینڈل میں نیب کو بیان ریکارڈ کروانے گئے تھے۔
شہباز شریف کوکل لاہور کی احتساب عدالت پیش کر کے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا،سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو گرفتار ملزم فواد حسن فوادکے بیان کی روشنی میں گرفتار کیا گیا ہے، آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں حکومت پنجاب کی طرف سے من پسند کمپنی کو ٹھیکہ دینے کا الزام ہے۔