لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے 4 ماہ کی پابندی کے بعد قومی کرکٹر احمد شہزاد نے کہاکہ بطور کرکٹر یہ سزا میرے لئے ایک سبق ہے امید کرتا ہوں کہ پابندی کے بعد بھرپور واپسی کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پابندی پر رد عمل دیتے ہوئے قومی کرکٹر احمد شہزاد نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جو ڈوپنگ کے حوالے سے میرے خلاف فیصلہ آیا ہے اسے میں قبول کرتا ہوں میں نے غیر معمولی ادویات کا استعمال کیا جو کہ مجھے بطور کرکٹر کرنا پڑا ،میں عزم کرتا ہوں کہ جیسے ہی میری پابندی ختم ہوگی تو میری واپسی بھرپور ہو گی،مجھے اپنی دعاو ں میں یاد رکھئے گا۔
یاد رہے کہ ٹیسٹ اوپنر احمد شہزاد کے ڈوپ سیمپل میں حشیش کی مقدار پائی گئی تھی اور حشیش کا نشہ عام طور پر تفریحی نشہ کہلاتا ہے جس کا شمار قوت بخش ادویات میں نہیں ہوتا،قومی کھلاڑی کی پابندی 11 نومبر کو ختم ہوگی۔
خیال رہے کہ احمد شہزاد کا نام پی ایس ایل 4 کیلئے دستیاب ڈرافٹنگ کے پاکستانی کرکٹرز کی فہرست سے نکال دیا گیا تھا، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) نے فرنچائزوں کے ساتھ وابستہ کھلاڑیوں کی کیٹیگریز کا اعلان 29 ستمبر کیا جس میں احمد شہزاد کا نام شامل نہیں تھا ۔