اطالوی ’رابن ہڈ‘ جیل جانے سے بال بال بچ گئے

اطالوی ’رابن ہڈ‘ جیل جانے سے بال بال بچ گئے
کیپشن: image by facebook

روم :اٹلی میں امیر افراد کے بینک اکاؤنٹس سے پیسے چرا کر غریبوں میں بانٹنے والے ایک بینک مینیجر جیل جانے سے بال بال بچ گئے۔

گلبرٹو بیسیریا نامی بینک مینیجر نے فورنی ڈی سوپرا نامی قصبے میں قائم ایک بینک سے سات سالوں میں 10 لاکھ یورو چوری کیے تھے۔

انھوں نے امیر افراد کے بینک اکاؤنٹس سے تھوڑی تھوڑی رقم چرا کر ایسے افراد کے اکاؤنٹ میں جمع کرائی تھی جو کریڈٹ کارڈ بنوانے کے اہل نہیں تھے۔

تاہم انھوں نے کبھی بھی چوری کی ہوئی رقم اپنی جیب میں نہیں ڈالی جس کی وجہ سے وہ حکام کے ساتھ پلی بارگین کے بعد جیل جانے سے بچ گئے۔

اٹلی کے اخبار کے مطابق بینکر کا کہنا تھا 'میں نے ہمیشہ سیونگ کرنے والوں کو بچانے کی بجائے ضرورت مندوں کی مدد کرنے کا سوچا۔

انھیں اس جرم پر دو سال قید کی سزا سنائی گئی تاہم اطالوی قانون کے مطابق چونکہ یہ ان کا پہلا جرم تھا اور اس کی سزا بھی مختصر تھی اس لیے انھیں جیل میں نہیں ڈالا جائے گا۔

اٹلی کے میڈیا نے انھیں جدید دور کا رابن ہڈ کا نام دیا ہے تاہم ان کی کہانی ابھی ختم نہیں ہوئی ہے ، ان کے وکیل روبرٹو میٹے نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کے موکل کی نوکری ختم ہو گئی ہے۔

روبرٹو میٹے کا مزید کہنا تھا ’میرے موکل ایسے افراد کی مدد کرنا چاہتے تھے جنھیں عام طریقے سے قرض نہیں مل سکتا تھا۔