شہباز شریف کی گرفتاری نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ مضحکہ خیز ہے، نواز شریف

09:00 PM, 5 Oct, 2018

لاہور :مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کا شہباز شریف کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ مضحکہ خیز ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے طور پر شہباز شریف نے خدمت، امانت و دیانت کی شاندار مثال قائم کی.

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام، غیر ملکی حکومتوں اور عالمی اداروں نے شہباز شریف کی خدمات کا اعتراف کیا.سب جانتے ہیں کہ پی ٹی آئی حکومت اس بدترین انتقام کی ذمہ دار ہے.مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے کہا کہ آج جو سلوک وہ مخالفین کے ساتھ روا رکھیں گے کل اس کے لئے انہیں بھی تیار رہنا چاہئیے یہی نظام قدرت ہے.انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی کا ملبہ شہباز شریف پر نہ ڈالے۔

یاد رہے کہ آج لاہور نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو گرفتار کرلیا ،شہباز شریف صاف پانی کمپنی اسکینڈل میں نیب کو بیان ریکارڈ کروانے گئے تھے۔

شہباز شریف کو ہفتہ کو لاہور کی احتساب عدالت پیش کر کے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا،سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو گرفتار ملزم فواد حسن فوادکے بیان کی روشنی میں گرفتار کیا گیا ہے، آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں حکومت پنجاب کی طرف سے من پسند کمپنی کو ٹھیکہ دینے کا الزام ہے۔

مزیدخبریں