نیب کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کیا جارہا ہے،مریم اورنگزیب

06:45 PM, 5 Oct, 2018

اسلام آباد:  شہبازشریف کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے اور اس کے لئے نیب کو استعمال کیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی گرفتاری پارلیمان کی بے عزتی اور ملک دشمنی ہے، گرفتاری سے قبل نہ کوئی وارنٹ دیا گیا اور نہ ہی کچھ بتایا گیا،  شہبازشریف کو صاف پانی کیس میں طلب  کیا گیا اور آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں گرفتار کرلیا گیا، جب کہ آشیانہ ہاوسنگ اسکیم میں حکومت کا ایک روپیہ خرچ نہیں ہوا اور ناہی ایک انچ زمین دی گئی، یہ خالصتاً عوامی منصوبہ تھا۔ اس منصوبے میں کرپشن کی نشاندہی خود شہبازشریف نے کی تھی اور منصوبہ روک دیا گیا تھا، سابق وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر اس منصوبے میں ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت ہوئی تو میں خود گرفتاری دوں گا۔

انہوں نے  کہا کہ شہبازشریف کی گرفتاری پر حکومتی وزرا نے بیان دیا کہ یہ پہلی گرفتاری ہے اور ابھی مزید گرفتاریاں ہوں گی، اس بیان سے ثابت ہوتا ہے کہ صدر (ن) لیگ کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے اور اس کے لئے  نیب کو استعمال کیا جارہا ہے۔ حکومتی وزرا کے اس بیان پر کارروائی ہونی چاہیے، انہوں نے نیب کی کارروائی پر مداخلت کی اور پیش گوئی کی ہے کہ مزید لوگوں کو بھی گرفتار کیا جائےگا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو یہ تکلیف ہے کہ  شہبازشریف نے ناصرف پنجاب بلکہ  پورے پاکستان کی خدمت کی، 5000 میگا واٹ بجلی پیدا کی، پسماندہ علاقوں کو موٹروے سے جوڑا، سستا انصاف فراہم کیا، عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کیں اور دنیا بھر میں شہبازشریف کی  حکومت کی کارکردگی کو سراہا جارہا ہے۔

انہوں  نےکہا کہ مخالفین کو یہ بھی تکلیف ہے کہ مسلم لیگ (ن) میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بنا اور نہ ہی ان کا ووٹر تقسیم ہوا، مسلم لیگ کی قیادت کے ساتھ یہ پہلی بار نہیں ہوا صرف تاریخ دہرائی جاری ہے،  نئے نامزد وزیراعظم جان لیں ہم آمر کے دور سے گزر چکے ہیں اور ثابت قدم رہے، عام انتخابات سے قبل نوازشریف کو گرفتار کرنا اور اب ضمنی انتخابات سے قبل شہبازشریف کی گرفتاری الیکشن سے قبل دھاندلی ہے، حکومت اپنی واضح شکست دیکھ کر سیاسی انتقام پر اتر آئی ہے، لیکن ان کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔

انہوں نے کہا  کہ عمران خان نے 5 سال تک جو آگ لگائی اب اسی آگ اور کھڈوں میں ان کے اپنے لوگ گر رہے ہیں، جب سیاسی لوٹے شہبازشریف کا موازنہ عثمان بزدار سے کریں گے تو پنجاب کے ووٹرز آپ کے خلاف ہی حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

مزیدخبریں