اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے آرمی پبلک اسکول پشاور حملہ کیس ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیشن قائم کر دیا۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس اعجا زالاحسن پر مشتمل تین رکنی بینچ نے ازخود نوٹس کی سماعت کی۔
سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق اے پی ایس پشاورحملہ کیس پر بنایا گیا کمیشن ہائی کورٹ کے سینئر جج کی سربراہی میں کام کرے گا اور 6 ہفتوں میں رپورٹ دے گا۔
واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ نے اس کیس کے حوالے سے اٹارنی جنرل پاکستان، ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختون خوا، سیکریٹری داخلہ، چیف سیکریٹری خیبر پختون خوا کو نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔
16 دسمبر 2014ء کو آرمی پبلک اسکول پشاور پر دہشت گردوں نے حملہ کر کے 147 بچوں کو شہید کر دیا تھا۔