اسلام آباد:دورہ امریکا سے دونوں ملکوں کے درمیان افہام و تفہیم اور تعاون کا راستہ ہموار ہوگا، بھارت دہشت گرد سرگرمیوں سے سی پیک منصوبے کو سبو تاڑ کرنا چاہتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ پاکستان کے حوالے سے بھارت کی پالیسی کبھی بھی دوستانہ نہیں رہی، بھارت نے ترقیاتی منصوبوں کی آڑ میں افغانستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے قائم کئے ہیں۔کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر بھارت کی جانب سے سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیاں باعث تشویش ہیں، اقوام متحدہ بھارتی سرگرمیوں اور دھمکیوں کا نوٹس لے ۔
ہماری مسلح افواج ملکی دفاع اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے مکمل طور پرتیار ہیں۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف کے دورہ امریکا سے دونوں ملکوں کے درمیان افہام و تفہیم اور تعاون کا راستہ ہموار ہوگا، بھارت دہشت گرد سرگرمیوں سے سی پیک منصوبے کو سبو تاڑ کرنا چاہتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت افغانستان میں ٹی ٹی پی ،جماعت الاحرار اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے،خود بھارت کی سول سوسائٹی نے بھی نئی دہلی کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں کو اپنا اثاثہ قرار دینے کا اعتراف کیا ہے۔