چیئرمین نیب کی تقرری کیلئے ڈیڈ لاک کی کوئی صورتحال نہیں، خورشید شاہ

02:30 PM, 5 Oct, 2017

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کی تقرری کے لئے وزیراعظم کے ساتھ ڈیڈ لاک کی کوئی صورتحال نہیں ہے۔

قومی اسمبلی میں اپنے چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ چیئر مین نیب کے تقرر پر وزیراعظم سے مشاورتی عمل خوش اسلوبی سے جاری ہے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے دوران تجویز کردہ ناموں پر مشاورت ہوگی اور ان کے اور وزیراعظم کے درمیان اب تک ڈیڈ لاک کی کوئی صورتحال نہیں ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ تجویز کردہ ناموں میں سے کسی نام کو مسترد یا منظور کرنے کی بات قبل از وقت ہے اور ڈیڈ لاک کا تاثر دینا بھی مذاق کے مترادف ہے۔

خیال رہے کہ چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری کی مدت ملازمت میں چند روز باقی رہ گئے اور وہ الوداعی ملاقاتیں کر رہے ہیں تاہم نئے چیرمین نیب کی تقرری کے لئے حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے چند نام سامنے آئے ہیں۔حکومت کی جانب سے چیرمین نیب کے لیے تین نام دیئے گئے ہیں جن میں آفتاب سلطان، جسٹس(ر)رحمت جعفری اور جسٹس (ر)چوہدری اعجاز شامل ہیں۔اپوزیشن نے جسٹس(ر) فقیر محمد کھوکھر، جسٹس(ر)جاوید اقبال اور سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد کے نام چیرمین نیب کے لئے تجویز کئے ہیں۔

مزیدخبریں