لندن: مایہ ناز انگلش آل راؤنڈر بین سٹوکس کی رواں برس آسٹریلیا کے خلاف شیڈول ایشز سیریز میں شرکت خطرے میں پڑ گئی ہے اور اگر انگلش ٹیم کی آسٹریلیا روانگی سے قبل بین اسٹوکس کے خلاف پولیس تحقیقات جاری رہیں تو آل راؤنڈر ایشز سیریز سے دستبردار ہو جائیں گے۔
25 ستمبر کو برسٹل نائٹ کلب کے باہر مبینہ طور پر جھگڑے میں ملوث ہونے پر پولیس نے اسٹوکس کو گرفتار کیا تھا اور ایک رات قید میں رکھنے کے بعد انہیں الزام لگائے بغیر رہا کر دیا تھا۔انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسٹوکس اور ان کا ساتھ دینے والے ایلکس ہیلز کو کالی آندھی کے خلاف ون ڈے سیریز کے آخری دونوں میچز سے معطل کر دیا تھا تاہم اس کے باوجود انگلش سلیکٹرز نے اسٹوکس کو ایشز سیریز کیلئے ٹیم کا نائب کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھالیکن بعدازاں جھگڑے کی وڈیو منظر عام آنے پر ای سی بی نے اگلے نوٹس تک دونوں کھلاڑیوں اسٹوکس اور ہیلز کو معطل کر دیا تھا۔