امریکی صدارتی انتخابات: جارجیا میں بم کی جھوٹی اطلاع پر پولنگ معطل

10:14 PM, 5 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

واشنگٹن/جارجیا: امریکہ میں صدارتی انتخابات کے دوران جارجیا کے دو پولنگ سٹیشنز پر بم کی اطلاع کے بعد ووٹنگ کا عمل عارضی طور پر معطل کر دیا گیا، تاہم بعد میں یہ اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی۔ 

رپورٹس کے مطابق، جارجیا کے فلٹن کاؤنٹی میں دو مقامات پر بم کی افواہ کے بعد پولنگ روک دی گئی تھی۔ یہ صورتحال تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہی، جس کے بعد الیکشن ڈائریکٹر نے تصدیق کی کہ ووٹنگ دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹنگ کے وقت میں توسیع کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، جارجیا میں ایک پول ورکر کو گرفتار کیا گیا ہے جس پر الزام ہے کہ اس نے انتخابی عملے کو دھمکی آمیز خط بھیجا، جس میں بم کی اطلاع دی گئی تھی۔ اس خط کو اس طرح تحریر کیا گیا تھا جیسے وہ ایک مقامی ووٹر کی جانب سے آیا ہو۔
دوسری جانب، ایف بی آئی حکام نے بتایا ہے کہ پولنگ سٹیشنوں پر دہشت گرد حملوں کا کوئی خطرہ نہیں ہے، اور سوشل میڈیا پر دہشت گردی سے متعلق جو افواہیں گردش کر رہی ہیں، وہ بے بنیاد ہیں۔ حکام نے عوام کو ان فیک الرٹس سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

جارجیا، جو کہ ایک اہم سوئنگ سٹیٹ ہے، صدارتی انتخاب کے نتائج میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے اور اس ریاست کا فیصلہ ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس کے درمیان ہونے والی جنگ کا اہم موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔ 

اس تمام صورتحال کے باوجود، امریکہ میں انتخابات کے عمل کا تسلسل برقرار ہے اور ووٹنگ پرامن طریقے سے جاری ہے۔

مزیدخبریں