قلعہ سیف اللہ: بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ سے پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ ہوا ہے، جس کے بعد صوبے میں پولیو کے کیسز کی تعداد 23 اور ملک بھر میں 46 تک پہنچ گئی ہے۔
محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق، تین سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جو رواں سال قلعہ سیف اللہ سے رپورٹ ہونے والا دوسرا کیس ہے۔ اس سے قبل بھی اسی علاقے سے ایک پولیو کیس سامنے آیا تھا۔
صوبہ بلوچستان میں پولیو کے کیسز کی تعداد 23 ہو چکی ہے، جبکہ ملک بھر میں یہ تعداد 46 ہو گئی ہے۔ پولیو کے کیسز کی تفصیل کے مطابق، بلوچستان سے 23، سندھ سے 12، خیبرپختونخوا سے 9، اور پنجاب و اسلام آباد سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
صحت کے حکام نے پولیو کے خاتمے کے لیے عوامی آگاہی اور ویکسی نیشن کی مہم کو مزید تیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے تمام صوبوں میں پولیو مہم کی کامیابی کے لیے حکومت اور عوام سے بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے۔