لاہور: پنجاب حکومت نے سموگ کے مسئلے کو حل کرنے اور شہر کے سبزہ کو بڑھانے کے لیے ایک نئے سات نکاتی سٹریٹجک پلان پر عمل درآمد کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو اس پلان کی تفصیلات ارسال کر دی گئی ہیں، جس میں لاہور اور دیگر شہروں کی فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لیے اہم اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
پلان کے تحت لاہور کی مختلف شاہراہوں پر موجود انڈسٹریل یونٹس اور فیکٹریوں کو انڈسٹریل سٹیٹس میں منتقل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد صنعتی فضلہ اور آلودگی کو کم کرنا ہے، جو اسموگ کی بڑی وجہ بنتی ہیں۔
اس کے علاوہ، شہر کے اطراف میں جنگلات کا رقبہ بڑھانے کا منصوبہ بھی شامل ہے، تاکہ قدرتی ماحول کو تحفظ فراہم کیا جا سکے اور اسموگ کی شدت کو کم کیا جا سکے۔ عوامی سطح پر گرین کور کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے خصوصی مہم چلانے کی تجویز دی گئی ہے۔
پلان کے ایک اور اہم نکتہ کے تحت ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں پارکس اور گرین کور کا کم از کم 7 فیصد رقبہ مختص کرنا ضروری ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی، شہر کی پُوٹینشل سائٹس پر جنگلات کی افزائش کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ اقدامات سموگ کے تدارک میں مددگار ثابت ہوں گے اور شہریوں کی صحت پر اس کے منفی اثرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ اس پلان پر عمل درآمد سے شہر کا ماحول بہتر ہوگا اور لاہور سمیت دیگر علاقوں میں فضائی آلودگی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔