راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کی گاڑی پر دہشتگردوں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دو سپاہی شہید اور چار زخمی ہو گئے۔
وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ حملے میں شہید ہونے والے سپاہی شیر الرحمٰن اور سید امین نے دہشتگردوں کا دلیری سے مقابلہ کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ شہید سپاہی شیر الرحمٰن کا تعلق جنوبی وزیرستان سے تھا، جبکہ سپاہی سید امین کا تعلق صوابی کے علاقے گدون سے تھا۔
زخمی ہونے والوں میں حوالدار امتیاز، سپاہی محب شاہ، سپاہی صاحب دین اور سپاہی فضل کریم شامل ہیں۔ ان تمام زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری دہشتگردوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے اور شہید ہونے والے سپاہیوں کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایف سی کے عزم کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔