راولپنڈی: پاکستان بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے دوران جبوتی کا دورہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، جبوتی کی بندرگاہ پر جہاز کی آمد پر جبوتی بحریہ کے حکام نے استقبال کیا، جس کے بعد پی این ایس ذوالفقار کے کمانڈنگ آفیسر نے جبوتی بحری حکام سے ملاقات کی۔
اس ملاقات کے دوران کمانڈر جبوتی بحریہ اور کوسٹ گارڈز کے ساتھ پیشہ ورانہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعاون اور میری ٹائم سکیورٹی کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ اس کے علاوہ، دورے کے اختتام پر جبوتی کوسٹ گارڈز کے ساتھ ایک مشترکہ بحری مشق کا بھی انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت میں اضافہ اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق، پاکستان اور جبوتی کی بحری افواج کے مابین یہ دوطرفہ روابط دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے حوالے سے اہمیت رکھتے ہیں۔
جبوتی میں قیام کے دوران، مختلف ممالک کے سفیروں، دفاعی اتاشیوں، جبوتی کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت، اور مقامی پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بھی پی این ایس ذوالفقار کا دورہ کیا۔ اس دورے سے پاکستان اور جبوتی کے درمیان دفاعی اور تجارتی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔