واشنگٹن: امریکی میں صدارتی انتخابات کے سلسلے میں آج پولنگ جاری ہے، جس کے ساتھ ہی ملک میں امن و امان کی صورتحال اور الیکشن عملے پر تشدد کے خدشات سے نمٹنے کے لیے غیر معمولی سکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق، واشنگٹن، اوریگن اور نیواڈا کی ریاستوں میں نیشنل گارڈ کو فعال کر دیا گیا ہے، جب کہ انتخابات کی نگرانی کے لیے ایف بی آئی نے خصوصی کمانڈ پوسٹس قائم کی ہیں۔
امریکہ بھر میں ایک لاکھ سے زائد پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی سخت کی گئی ہے اور پولنگ عملے کے تحفظ کے لیے خصوصی مسلح ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق، انتخابات کے دوران غلط معلومات اور جھوٹی افواہوں کے پھیلاؤ کے خدشات بھی موجود ہیں، جو نہ صرف الیکشن عملے، بلکہ ورکرز اور ان کے خاندانوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔ سائبر سکیورٹی کے ماہرین نے انتباہ کیا ہے کہ بیرونی مخالفین انتخابات میں مداخلت کے لیے جھوٹی اطلاعات پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، جو اب تک کے مقابلے میں کہیں زیادہ منظم اور وسیع پیمانے پر ہو سکتی ہیں۔
اس وقت امریکہ کی نظریں 47 ویں صدارتی انتخابات پر مرکوز ہیں، کیونکہ یہ انتخاب نہ صرف امریکی سیاست پر اثر انداز ہو گا، بلکہ عالمی سطح پر بھی اس کے دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔