اسلام آباد : پاکستان میں سروسز چیفس کی مدت اور دیگر اہم قانونی ترمیمات کے حوالے سے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ نے گزشتہ روز ہونے والی قانون سازی کا نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کے مطابق مختلف اہم بلز پر دستخط کے بعد یہ قوانین کی صورت اختیار کر گئے ہیں۔
قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل، نیوی ایکٹ ترمیمی بل اور ایئر فورس ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت سروسز چیفس کے عہدے کی مدت تین سال سے بڑھا کر پانچ سال کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، قائم مقام صدر نے پریکٹس اینڈ پروسیجر بل اور سپریم کورٹ و اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی تعداد بڑھانے کے بلز پر بھی دستخط کیے ہیں۔
ان بلز کے تحت سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 34 تک پہنچ جائے گی، جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی تعداد 9 سے بڑھا کر 12 کر دی جائے گی۔ ان ترمیمات کی منظوری قومی اسمبلی اور سینیٹ دونوں نے دے دی تھی، اور اب یہ تمام چھ بلز باقاعدہ طور پر قانون بن چکے ہیں۔